پٹرولیم مصنوعات کے نرخ میں کمی کا بھر پور فائدہ عوام کو ہر صورت پہنچنا چاہیے، مریم نواز

06-19-2026

(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبہ بھر میں ٹرانسپورٹ اور گڈز کرایوں میں کمی کے لئے فوری اقدامات کا حکم دے دیا ہے۔ مریم نواز  نے مشکل صورتحال میں بھرپور ساتھ دینے پر عوام کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے پٹرولیم مصنوعات کے نرخ میں کمی پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ان کی ٹیم کوسراہا۔ مریم نواز  نے کہا کہ وزیر اعظم  نے علاقائی صورتحال میں بہتری آنے پر پٹرولیم مصنوعات کے نرخ میں کمی کا وعدہ پورا کیا، علاقائی صورتحال کی وجہ سے قوم کو انرجی بحران سے محفوظ رکھنا وزیر اعظم کا تاریخی کارنامہ ہے۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم محمد شہبازشریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر  نے مشکل وقت میں تاریخ ساز کاوشوں سے دنیا کو انرجی اور معاشی بحران سے بچایا۔  مریم نواز  نے مزید کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کے نرخ میں کمی کا بھر پور فائدہ عوام کو ہر صورت پہنچنا چاہیے، پٹرولیم مصنوعات کے نرخ میں کمی کے پیش نظر اشیائے خورد ونوش کے نرخ بھی نیچے آنے چاہیے۔