گورو ارجن دیو جی کے شہیدی دن کی تقریبات اختتام پذیر، بھارتی سکھ یاتری واپس روانہ
06-19-2026
(لاہور نیوز) سکھ مذہب کے چھٹے گورو ارجن دیو جی کے شہیدی دن (جوڑ میلہ) کی مذہبی تقریبات اختتام پذیر ہونے کے بعد بھارتی سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے ذریعے اپنے وطن واپس روانہ ہو گئے۔
یاتریوں کی واپسی کے موقع پر متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے واہگہ بارڈر پر خصوصی انتظامات کئے گئے تاکہ امیگریشن اور سفری مراحل کو سہولت کے ساتھ مکمل کیا جا سکے، واہگہ چیک پوسٹ پر صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے سکھ یاتریوں کو الوداع کہا۔ اس موقع پر چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان اور ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق بھی موجود تھے، متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے یاتریوں کیلئے میڈیکل سہولیات اور کرنسی ایکسچینج سمیت دیگر ضروری انتظامات فراہم کئے گئے تھے۔ واپسی کے موقع پر سکھ یاتریوں نے پاکستان میں قیام کے دوران ملنے والی سہولیات اور مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا، انہوں نے مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے فراہم کی گئی سہولیات پر متعلقہ اداروں کا شکریہ بھی ادا کیا۔