داخلوں میں مبینہ بے ضابطگی، پیف کے پارٹنر سکولوں سے بیان حلفی طلب

06-19-2026

(ویب ڈیسک) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ( پیف) کے پارٹنر سکولوں میں ہزاروں طلباء کے ڈبل داخلوں کے اندراج کا انکشاف سامنے آیا ہے، جس کے باعث حکومتی فیس کی مبینہ طور پر دوگنا وصولی کا خدشہ پیدا ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق بعض سکولوں میں ایک ہی طلباء کے نام پر دوہری انرولمنٹ کے باعث سرکاری فنڈز کی ادائیگی بھی متاثر ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ( پیف) نے فوری کارروائی شروع کر دی ہے اور تمام لائسنس یافتہ سکولوں کو داخلوں کا ریکارڈ درست کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی۔ پیف کی جانب سے سکولوں کو یہ بھی حکم دیا گیا ہے کہ وہ اپنے داخلوں کا مکمل ریکارڈ درست کر کے 300 روپے مالیت کے سٹامپ پیپر پر بیان حلفی جمع کروائیں، اس کے ساتھ تمام لائسنس یافتہ سکولوں کو 22 جون تک ڈیڈ لائن دی گئی ہے کہ وہ اپنے ریکارڈ کی تصدیق مکمل کریں۔ پیف حکام کے مطابق مقررہ تاریخ کے بعد اگر ڈبل انرولمنٹ ثابت ہوئی تو متعلقہ سکولوں پر بھاری جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔