محرم الحرام: لاہور میں آج کے جلوسوں اور مجالس کی تفصیلات سامنے آگئیں
06-19-2026
(لاہور نیوز) محرم الحرام کے سلسلے میں کمشنر لاہور کے ڈویژنل کنٹرول روم نے آج لاہور میں منعقد ہونے والے جلوسوں اور مجالس کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق شہر میں آج مختلف کیٹیگریز کے مجموعی طور پر 15 عزاداری جلوس برآمد ہوں گے۔ کیٹیگری اے کے 2 جبکہ کیٹیگری بی کے 13 جلوس نکالے جائیں گے، جبکہ آج کیٹیگری سی کا کوئی جلوس برآمد نہیں ہوگا۔ اسی طرح شہر بھر میں مجموعی طور پر 395 مجالس منعقد ہوں گی، جن میں کیٹیگری اے کی 45، کیٹیگری بی کی 261 اور کیٹیگری سی کی 89 مجالس شامل ہیں۔ کمشنر لاہور مریم خان نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کیلئے تمام میونسپل انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ نکاسی آب، صفائی ستھرائی، روشنی اور دیگر شہری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی کنٹرول سنٹرز مکمل طور پر فعال ہیں اور مختلف ذرائع سے جلوسوں اور مجالس کی لائیو مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ فرائض انجام دے رہے ہیں تاکہ محرم الحرام کے دوران امن و امان اور شہری سہولیات کو برقرار رکھا جا سکے۔