برائلر گوشت کے نرخ میں اضافہ، قیمت 432 روپے کلو مقرر

06-19-2026

(لاہور نیوز) پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث شہریوں کو مہنگائی کے مزید دباؤ کا سامنا ہے۔

سرکاری نرخ نامے کے مطابق برائلر گوشت کی قیمت میں 8 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد برائلر گوشت کا نرخ 432 روپے فی کلو مقرر کر دیا گیا، تاہم مختلف علاقوں میں صافی گوشت 520 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب زندہ برائلر مرغی کی قیمت میں بھی 5 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے، نئے نرخوں کے تحت فارم گیٹ پر زندہ برائلر کی قیمت 270 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں زندہ برائلر 284 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ پرچون مارکیٹ میں زندہ برائلر کی قیمت 298 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، جس سے صارفین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ ادھر انڈوں کی قیمت میں بھی 2 روپے فی درجن اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، نئے نرخوں کے مطابق انڈے 210 روپے فی درجن مقرر کئے گئے ہیں، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں انڈوں کی ایک پیٹی کی قیمت 6 ہزار 180 روپے مقرر کر دی گئی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پولٹری مصنوعات کی مسلسل بڑھتی قیمتوں نے گھریلو بجٹ کو بری طرح متاثر کیا ہے، جبکہ متعلقہ حلقے قیمتوں میں اضافے کی وجہ طلب اور رسد میں تبدیلی کو قرار دے رہے ہیں۔