شفیق آباد پولیس کی کارروائی، 1000 پتنگوں سمیت پتنگ فروش گرفتار
06-19-2026
(لاہور نیوز) شفیق آباد پولیس نے پتنگ فروشی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ملزم امیر حمزہ کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم پابندی کے باوجود پتنگ فروشی کے دھندے میں ملوث تھا اور پتنگوں کی ترسیل کے لیے لوکل ٹرانسپورٹ اور بڑے تھیلوں کا استعمال کرتا تھا۔ ایس پی سٹی عاطف امیر نے بتایا کہ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی ایک ہزار پتنگیں برآمد کر لی گئیں، جبکہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ایس پی سٹی کا کہنا تھا کہ پتنگ فروشی اور پتنگ سازی کے خلاف کڑی نگرانی جاری ہے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ کامیاب کارروائی پر ایس پی سٹی نے ایس ایچ او شفیق آباد، اے ایس آئی نوید اور پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔