3 محرم، جمعۃ المبارک: پنجاب میں آج 148 جلوس، 3843 مجالس، سکیورٹی پر بھاری نفری تعینات

06-19-2026

(لاہور نیوز) محرم الحرام اور جمعۃ المبارک کے موقع پر پنجاب بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، آج صوبے بھر میں 148 عزاداری جلوس اور 3 ہزار 843 مجالس منعقد ہو رہی ہیں، جن کی سکیورٹی کے لیے 30 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لاہور میں محرم الحرام کی مناسبت سے 10 عزاداری جلوس برآمد ہوئے ہیں جبکہ 411 مجالس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ سکیورٹی انتظامات میں 17 ہزار سے زائد کمیونٹی رضاکار بھی پولیس کی معاونت کر رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی اور حکومت پنجاب کی جانب سے نافذ دفعہ 144 پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، نفرت انگیز مواد کی تشہیر اور اشتعال انگیزی پر مکمل پابندی عائد ہے۔ آئی جی پنجاب کے مطابق طے شدہ روٹس اور مقامات کے علاوہ کسی بھی جگہ جلوس یا مجلس کی اجازت نہیں ہوگی۔ سکیورٹی اور نگرانی کے لیے سیف سٹیز اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے کیمروں کی مدد سے تمام سرگرمیوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، ٹریفک پولیس، ڈولفن اسکواڈ، پیرو فورس اور دیگر فیلڈ فارمیشنز محرم سکیورٹی پر تعینات ہیں۔ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کی تشہیر کرنے والے عناصر کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ تمام اضلاع کے کنٹرول رومز مرکزی کنٹرول روم سے منسلک رہ کر چوبیس گھنٹے رابطے میں رہیں گے۔