سی بی ڈی واک منصوبے کے کمرشل یونٹس کا گرے سٹرکچر مکمل

06-19-2026

(لاہور نیوز) سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ (سی بی ڈی) پنجاب نے اپنے اہم منصوبے سی بی ڈی واک میں ایک اور نمایاں سنگِ میل عبور کر لیا۔

منصوبے کے تمام 32 کمرشل یونٹس کا گرے سٹرکچر مکمل کر لیا گیا، جبکہ روف ٹاپ کے معمولی باقی ماندہ کام کو بھی جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین کو منصوبے پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ سی بی ڈی لیک کے قریب تعمیر ہونے والا یہ منفرد منصوبہ 32 چار مرلہ کمرشل یونٹس پر مشتمل ہے۔ سی بی ڈی پنجاب کے مطابق سی بی ڈی واک لاہور میں ریٹیل، فائن ڈائننگ اور تفریحی سرگرمیوں کیلئے ایک نئی شناخت قائم کرے گا اور شہریوں کو جدید طرز کی تجارتی و تفریحی سہولیات فراہم کرے گا۔ اس موقع پر سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین  نے کہا کہ تمام 32 یونٹس کے گرے سٹرکچر کی تکمیل منصوبے کا ایک اہم سنگِ میل ہے، جو ادارے کے بروقت منصوبہ جاتی تکمیل کے عزم کا مظہر ہے، منصوبہ مقررہ شیڈول سے بھی آگے بڑھ رہا ہے اور جلد ہی سی بی ڈی واک کے دوسرے مرحلے پر بھی کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔ عمران امین کے مطابق سی بی ڈی لیک پر ترقیاتی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں، جبکہ پمپس اور جدید فاؤنٹنز کی تنصیب بھی مقررہ وقت کے اندر مکمل کر لی جائے گی، منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ لاہور میں جدید شہری ترقی کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔