جماعت اسلامی نے کل ملک بھر میں احتجاج کی کال دیدی

06-18-2026

(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی حافط نعیم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 28 فروری والی سطح پر لانے کیلئے پورے پاکستان میں احتجاج کی کال دے دی۔

  امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان  نے کہا ہے کہ پاک سعودی عرب معاہدے میں ایران، ترکیے کو شامل کیا جائے۔ حافط نعیم الرحمان  نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں گر گئی ہیں، پاکستان میں پٹرول کی قیمت 225 روپے پر فکس ہونی چاہیے، ہمارا مطالبہ ہے پٹرول کی قیمت 225 روپے فی لٹر پر فکس کی جائے۔ انہوں  نے کہا کہ بجلی اورگیس کی قیمتوں پر بھی حکومت اپنا کیا وعدہ پورا کرے، اب آئی پی پیز معاہدے بھی ختم ہونے جارہے ہیں، آئی ایم ایف حکمرانوں کو بھی اپنے اخراجات کم کرنے کا کہتا ہے۔ انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم لیوی ختم کرنے پر حکومت کو مسئلہ نہیں ہونا چاہیے، سیاسی جماعتوں کے اپنے خاندان آئی پی پیز میں موجود ہیں، پاکستان کے نوجوانوں سے 1700 ارب روپے وصول کیے گئے جبکہ پاکستان میں اڑھائی کروڑ موٹرسائیکلیں ہیں۔ حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ جاگیرداروں  نے 10 ارب روپے ٹیکس بھی ادا نہیں کیا، گزشتہ سال عوام سے کیپیسٹی پیمنٹ کے نام پر 1800 ارب روپے وصول کیے گئے، آئی پی پیز مافیا سے نجات حاصل کی جائے، پٹرول کی قیمت خود ہی ٹھیک ہو جائے گی، مطالبہ ہے کہ پٹرول کی قیمت فوری 225 روپےفی لٹر ہونی چاہیے، پٹرول کی مد میں ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے۔