شیڈول میں تبدیلی کی درخواست، عدالت کی ٹرائل کورٹ کے حکم پر عملدرآمد کی ہدایت
06-18-2026
لاہور: (محمد اشفاق) مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی نوشین افتخارِ کی بچوں سے ملاقات کے شیڈول میں تبدیلی سے متعلق درخواست پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے فریقین کو ٹرائل کورٹ کے شیڈول پر عملدرامد کرنے کی ہدایت کر دی ۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ملک اویس خالد نے ایم این اے نوشین افتخار کی درخواست پر سماعت کی، دوران سماعت لیگی ایم این اے نوشین افتخار وکیل راجہ خرم جبکہ انکے شوہر سید مرتضیٰ امین اپنے وکیل عرفان تارڑ کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے۔ نوشین افتخار نے موقف اختیار کیا کہ ایپلٹ کورٹ نے بچوں سے ملاقات کے شیڈول میں ترمیم کی ہے۔ دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کہ سیاست میں بچوں کو اولین ترجیح دیں بعد میں سیاست کو فی الحال گارڈین کورٹ کے آرڈر کے مطابق بچے باپ کے پاس رہیں گے، اور اسی طے شدہ شیڈول کے مطابق ملاقات کریں، ہائیکورٹ میں موسم گرما کی تعطیلات کے بعد اس کیس کو دوبارہ سنیں گے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت موسم گرما کی تعطیلات کے بعد ستمبر تک ملتوی کر دی۔ عدالتی کارروائی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں نوشین افتخار کے شوہر نے بتایا کہ فریقین میں 2020 میں علیحدگی ہوئی تھی، درخواست گزار نے 16 سالہ بیٹی اور 12 سالہ بیٹے سے ملاقات کے شیڈول میں تبدیلی کی درخواست دائر کی ہے، نوشین افتخار 2020 میں بچوں کو چھوڑ کر چلی گئی تھیں 6 سال سے بچوں کی اکیلے پرورش کر رہا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوشین افتخار نے ہمیشہ سیاست کو ترجیح دی، بچوں کو ہمیشہ سیکنڈری رکھا بچوں نے بھی ہر عدالتی فورم پر میرے حق میں بیان دیا، بچے اپنی والدہ کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے، والدہ انہیں مارتی تھیں اور ٹارچر کرتی تھیں، نوشین افتخار کا سیاست کی طرف جانا اور گھر پر توجہ نہ دینا وجہ تنازع بنا۔