دو محرم: لاہور میں 8 جلوس اور 388 مجالس، انتظامیہ الرٹ
06-18-2026
(لاہور نیوز) دو محرم الحرام کے موقع پر لاہور میں جلوسوں اور مجالس کے انعقاد کی تفصیلات جاری کر دی گئی ہیں، جبکہ انتظامیہ نے سکیورٹی اور شہری سہولیات کے انتظامات مکمل ہونے کا اعلان کیا ہے۔
سرکاری تفصیلات کے مطابق آج شہر بھر میں تمام کیٹیگریز کے 8 محرم جلوس برآمد ہوں گے، جن میں کیٹیگری اے کا ایک، کیٹیگری بی کے 6 اور کیٹیگری سی کا ایک جلوس شامل ہے۔ اسی طرح لاہور میں مجموعی طور پر 388 مجالس منعقد ہوں گی، جن میں کیٹیگری اے کی 45، کیٹیگری بی کی 251 اور کیٹیگری سی کی 92 مجالس شامل ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق محرم جلوسوں اور مجالس کے لیے میونسپل انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ مریم خان نے بتایا کہ مرکزی کنٹرول سینٹرز مکمل طور پر فعال ہیں اور مختلف ذرائع کے ذریعے جلوسوں اور مجالس کی لائیو مانیٹرنگ جاری ہے تاکہ انتظامات اور سکیورٹی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا سکے۔ واضح رہے کہ شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے پیش نظر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ ہر شہر کے اہم چوک چوراہوں، عوامی مقامات اور بازاروں میں سائے اور شیڈز کا انتظام کیا جائے تاکہ شہریوں کو گرمی کی شدت سے تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے تمام ویگن اسٹینڈز، بس ٹرمینلز اور ریلوے اسٹیشنز پر ٹھنڈے پانی، پنکھوں اور ایئر کولرز کی دستیابی یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔