شفیق آباد پولیس کی کارروائی، سٹے بازی کا نیٹ ورک بے نقاب، باپ بیٹا گرفتار
06-18-2026
(لاہور نیوز) شفیق آباد پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے آن لائن میچز پر سٹے بازی کروانے والے باپ بیٹے کو گرفتار کر لیا اور سٹے بازی کے ایک منظم نیٹ ورک کا بھانڈا پھوڑ دیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان فیصل اور عبد الرحیم نہ صرف آن لائن سٹے بازی کے کاروبار میں ملوث تھے بلکہ سنگین مقدمات میں مفرور اشتہاری ملزمان کو پناہ دینے میں بھی ملوث پائے گئے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں ملزمان مل کر سٹے بازی کا منظم نیٹ ورک چلا رہے تھے۔ کارروائی سب انسپکٹر مراد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کی، پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 4 موبائل فونز، 3 لیپ ٹاپس، ایک ایل سی ڈی، انٹرنیٹ ڈیوائس، ٹیلی فون اور سٹے بازی سے متعلق ریکارڈ و رجسٹر برآمد کر لئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان ریکارڈ یافتہ ہیں اور ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔ ایس پی سٹی عاطف امیر نے کہا ہے کہ قمار بازوں اور غیر قانونی سٹے بازی میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔