سبزہ زارمیں 3 افراد کو آگ لگا کر فرار ہونے والی ملزمہ گرفتار
06-18-2026
(لاہور نیوز) سبزہ زار اورنج ٹرین سٹیشن کے قریب تین افراد کو مبینہ طور پر آگ لگانے کے بعد فرار ہونے والی ملزمہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق گزشتہ روز پیش آنے والے واقعہ میں ملزمہ نے تین افراد،خاتون ثناء، الیاس اور ایک بچےعبداللہ پر پٹرول پھینک کر آگ لگائی، جس کے نتیجے میں وہ جھلس کر زخمی ہو گئے۔ واقعہ کے بعد ملزمہ کو شناخت کے بعد گرفتار کیا گیا، جس کی شناخت شیلا عرف شیرنی کے نام سے ہوئی ہے۔ ترجمان کے مطابق ملزمہ منشیات کی عادی بھی ہے۔ پولیس نے ملزمہ کے خلاف تھانہ سبزہ زار میں اقدامِ قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مزید قانونی کارروائی کے لیے اسے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز کے ترجمان نے بتایا ہے کہ تینوں متاثرہ افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے اور انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ واقعہ کی مزید تفتیش جاری ہے تاکہ محرکات اور دیگر پہلوؤں کا تعین کیا جا سکے۔