مرحوم افراد کے موبائل سمز کی منتقلی، پی ٹی اے کی اہم ہدایات جاری

06-17-2026

(لاہور نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے عوام کو مرحوم افراد کے نام پر رجسٹرڈ سمز فوری طور پر بلاک یا قانونی ورثا کے نام منتقل کرانے کی ہدایت کر دی۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ انتقال کر جانے والے افراد کے نام پر رجسٹرڈ سمز کو فوری طور پر بلاک کرایا جائے یا قانونی ورثا کے نام منتقل کیا جائے تاکہ ان کے ممکنہ غلط استعمال کو روکا جا سکے۔ پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ آگاہی پیغام میں کہا گیا ہے کہ مرحوم افراد کے نام پر رجسٹرڈ سمز صرف خون کے رشتے داروں یا شریک حیات کے نام چینج آف اونرشپ کے مقررہ طریقہ کار کے تحت منتقل کی جا سکتی ہیں۔ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ سم کی منتقلی کے لیے اہل خانہ کو متعلقہ موبائل آپریٹر کے قریبی کسٹمر سروس سینٹر یا مجاز فرنچائز سے رجوع کرنا ہوگا۔ اس مقصد کے لیے فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ ، ڈیتھ سرٹیفکیٹ، اصل سم اور سم کے استعمال کا ثبوت فراہم کرنا ضروری ہو گا۔ پی ٹی اے نے خبردار کیا ہے کہ مرحوم افراد کے نام پر رجسٹرڈ سمز کا بروقت انتقال یا بلاک نہ کرانے کی صورت میں ان کے غلط استعمال کا خطرہ موجود رہتا ہے جبکہ بروقت کارروائی سے سروسز کا قانونی تسلسل بھی برقرار رکھا جا سکتا ہے۔ پی ٹی اے نے عوام کو مرحوم افراد کے نام پر رجسٹرڈ سمز فوری طور پر بلاک یا قانونی ورثا کے نام منتقل کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے سمز کے غلط استعمال کی روک تھام اور سروسز کے قانونی تسلسل کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔