سکول انفارمیشن سسٹم پر نئے ٹرانسفر راؤنڈ کھولنے کی تیاری مکمل

06-17-2026

(لاہور نیوز) محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے سیس (سکول انفارمیشن سسٹم) پر نئے ٹرانسفر راؤنڈ کھولنے کی تیاری مکمل کر لی۔

محکمے کے ذرائع کے مطابق نیا ٹرانسفر راؤنڈ 18 جون سے مختلف کیٹیگریز کے اساتذہ کیلئے کھولا جائے گا، محکمہ تعلیم کے مطابق یہ ٹرانسفر راؤنڈ پروموشن حاصل کرنے والے، پوسٹنگ کے منتظر اور میوچل ٹرانسفر کیٹیگریز میں شامل اساتذہ کیلئے دستیاب ہو گا۔ اس سلسلے میں پنجاب بھر کے تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ ترقی پانے والے اساتذہ کی سیس پر فوری ٹیگنگ یقینی بنائی جائے تاکہ وہ ٹرانسفر راؤنڈ میں بروقت حصہ  لے سکیں۔ محکمہ سکول ایجوکیشن نے اضلاع کو مراسلہ ارسال کرتے ہوئے پروموٹڈ اساتذہ کا ڈیٹا سیس ایپ پر اپ ڈیٹ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے، مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ ٹرانسفر پراسیس میں شرکت کیلئے ترقی یافتہ اساتذہ کی سیس ٹیگنگ لازمی ہو گی۔ حکام کے مطابق اگر پروموشن پانے والے اساتذہ کی سیس پر ٹیگنگ مکمل نہ ہوئی تو ان کا ٹرانسفر پراسیس متاثر ہو سکتا ہے، اسی لئے تمام متعلقہ افسران کو ضروری کارروائی جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔