پنجاب پولیس انٹرن شپ پروگرام کے 14ویں بیچ کا ٹریفک ہیڈکوارٹرز کا دورہ
06-17-2026
(لاہور نیوز) پنجاب پولیس انٹرن شپ پروگرام کے 14ویں بیچ کے طلبہ و طالبات نے ٹریفک ہیڈکوارٹرز کا مطالعاتی دورہ کیا، جہاں انہیں جدید ٹریفک مینجمنٹ اور لائسنسنگ نظام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز عنصر تصدق کی سربراہی میں ہونے والے اس دورے میں پنجاب یونیورسٹی کے شعبۂ کریمنالوجی سے تعلق رکھنے والے 20 طلبہ و طالبات نے شرکت کی، اس موقع پر انٹرنیز کو جدید ٹریفک مینجمنٹ سسٹم، سینٹرلائزڈ ڈیٹا سینٹر اور لائیو لائسنسنگ مانیٹرنگ سینٹر کے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق طلبہ کو بروقت ڈرائیونگ لائسنس کی پرنٹنگ اور ڈلیوری کے نظام، جدید ایویڈنس بیسڈ چالاننگ سسٹم اور ون ایپ کے ذریعے کارروائی کے طریقہ کار پر بھی بریفنگ دی گئی، انہیں بتایا گیا کہ ون ایپ کے ذریعے شفاف چالاننگ، نادہندگان کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ طلبہ و طالبات کو سیف سٹی کے جدید کیمروں اور مصنوعی ذہانت (AI) کی مدد سے ٹریفک مینجمنٹ اور چالاننگ کے نظام کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا، بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹریفک حادثات میں کمی ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن ڈیسک کی مؤثر تحقیقات کا نتیجہ ہے جبکہ صوبہ بھر کے ٹریفک کنجیشن پوائنٹس کی نگرانی بھی ٹریفک ہیڈکوارٹرز سے کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر انسدادِ تجاوزات کیلئے قائم اسپیشل مانیٹرنگ ڈیسک کے کردار، روڈ سیفٹی مہمات اور صوبہ بھر میں قائم ٹریفک پولیس ڈرائیونگ سکولز کے بارے میں بھی تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں، طلبہ کو بتایا گیا کہ ڈرائیونگ سکولز میں جدید سیمولیٹرز کے ذریعے عملی تربیت دی جا رہی ہے۔ دورے کے اختتام پر طلبہ و طالبات نے ٹریفک پولیس کی جدید اصلاحات، تحقیقی اقدامات اور جدت پر اطمینان کا اظہار کیا، ترجمان کے مطابق انٹرن شپ پروگرام کے اختتام پر شرکاء اپنی تحقیق اور آراء پریزنٹیشن کی صورت میں جمع کروائیں گے۔ چیف ٹریفک آفیسر محمد وقاص نذیر کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کی پولیس انٹرن شپ پروگرام میں شمولیت انہیں عملی زندگی میں بہتر رہنمائی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے امور کو سمجھنے میں بھی معاون ثابت ہو گی۔