نشتر کالونی: اینٹوں سے بھری اوورلوڈڈ ٹریکٹر ٹرالی الٹ گئی، دو افراد زخمی

06-17-2026

(لاہور نیوز) نشتر کالونی میں اینٹوں سے بھری ایک اوورلوڈڈ ٹریکٹر ٹرالی الٹنے کے باعث دو افراد زخمی ہو گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب اینٹوں سے لدی ٹریکٹر ٹرالی توازن برقرار نہ رکھ سکی اور سڑک پر الٹ گئی، حادثے کے نتیجے میں قریب سے گزرنے والی ایک موٹرسائیکل بھی ٹریکٹر ٹرالی کی زد میں آ گئی، تاہم موٹرسائیکل سوار معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔ حادثے کے دوران دو افراد اینٹوں کے نیچے دب گئے، جس پر ریسکیو اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچے اور امدادی کارروائی کرتے ہوئے دونوں افراد کو اینٹوں کے ملبے سے باہر نکالا۔ ریسکیو حکام کے مطابق زخمی ہونے والے افراد کی شناخت احمد اور مدثر کے نام سے ہوئی ہے، دونوں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کیلئے جنرل ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس اور متعلقہ ادارے حادثے کی وجوہات کا جائزہ لے رہے ہیں جبکہ اوورلوڈنگ کو حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔