ڈی آئی جی آپریشنز کا پانڈو سٹریٹ اسلامپورہ کا دورہ، محرم سکیورٹی انتظامات کا جائزہ

06-17-2026

(لاہور نیوز) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے رات گئے پانڈو سٹریٹ اسلامپورہ کا دورہ کیا اور امام بارگاہ کے اطراف کئے گئے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر ایس پی سٹی سمیت دیگر پولیس افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، ڈی آئی جی آپریشنز  نے منتظمین مجالس و جلوس سے ملاقات کی اور سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے دریافت کیا۔ فیصل کامران  نے پانڈو سٹریٹ سے برآمد ہونے والے مرکزی جلوس کے روٹ کا بھی معائنہ کیا اور سکیورٹی پلان کے تحت کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ لاہور پولیس محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے پُرعزم ہے، سکیورٹی پلان کے مطابق امام بارگاہوں کے حفاظتی انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں جبکہ حساس مقامات پر اسپیشل پکٹس بھی قائم کی گئی ہیں۔ فیصل کامران  نے متعلقہ پولیس افسران کو ہدایت کی کہ محرم سکیورٹی پلان پر مکمل اور مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ عزاداروں کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔