صحت کے شعبے کیلئے نئے منصوبے، میڈیکل کالجز و ہسپتالوں کیلئے اربوں روپے مختص
06-16-2026
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں صحت کے شعبے کی بہتری، جدید طبی سہولیات کی فراہمی اور نئے منصوبوں کیلئے اربوں روپے مختص کر دیے ہیں۔
میڈیکل کالجز کے طلبہ کیلئے ہاسٹلز کی بحالی کے 2 ارب روپے مالیت کے منصوبے میں آئندہ مالی سال کیلئے 38 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں، میو ہسپتال لاہور کی او پی ڈی کی ری ویمپنگ کے 3 ارب روپے کے منصوبے کیلئے 30 کروڑ 68 لاکھ روپے فراہم کیے جائیں گے۔ سروسز ہسپتال کی ایمرجنسی اور گائنی بلاک میں نئی لفٹس کی تنصیب کیلئے 7 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (HMIS) کے نفاذ کیلئے 10 کروڑ 50 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔ بجٹ میں ڈیرہ غازی خان میں کلثوم نواز کینسر ہسپتال کے منصوبے کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ ہسپتال کی مجموعی لاگت کا تخمینہ 15 ارب 25 کروڑ روپے لگایا گیا ہے، آئندہ مالی سال کیلئے 80 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ صوبے کے ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں امراض قلب کے علاج کی سہولیات بہتر بنانے کیلئے کیتھ لیبز کے قیام کا منصوبہ بھی بجٹ کا حصہ ہے، جس کیلئے ایک ارب 71 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں جدید طبی آلات کی فراہمی کیلئے ایک ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ان منصوبوں سے صوبے میں علاج معالجے کی سہولیات میں بہتری، جدید طبی ٹیکنالوجی کی دستیابی اور مریضوں کو بہتر صحت کی خدمات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔