پاکستان میں بارشیں معمول سے کم، ہیٹ ویو، پانی کی قلت کا خدشہ

06-16-2026

(لاہور نیوز) پاکستان محکمہ موسمیات نے مون سون 2026 کے حوالے سے پیشگوئی کرتے ہوئے ملک کے بیشتر حصوں میں معمول سے کم بارشوں اور درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ظاہر کر دیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق رواں مون سون سیزن کے دوران ملک بھر میں مجموعی بارشیں معمول سے 17 فیصد کم رہنے کا امکان ہے، پنجاب میں بارشوں میں 19 فیصد، سندھ میں 30 فیصد جبکہ بلوچستان میں 23 فیصد تک کمی متوقع ہے۔ پیشگوئی کے مطابق گلگت بلتستان میں معمول سے 5 فیصد زیادہ بارشیں ہو سکتی ہیں جبکہ بالائی خیبر پختونخوا میں بھی معمول سے کچھ زیادہ بارشوں کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں اوسط درجہ حرارت 0.7 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے، پنجاب اور بلوچستان ان صوبوں میں شامل ہیں جہاں گرمی کی شدت نسبتاً زیادہ رہ سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق کم بارشوں اور درجہ حرارت میں اضافے کے باعث ہیٹ ویو کے خطرات بڑھ سکتے ہیں، زرعی شعبے کو پانی کی قلت اور فصلوں پر دباؤ جیسے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں میں مجموعی کمی کے باوجود بعض علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کے خطرات برقرار رہیں گے۔ اس کے علاوہ گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر موسمی خطرات کے امکانات بھی موجود ہیں۔ رپورٹ میں موسمیاتی تبدیلیوں کو غیر متوازن مون سون پیٹرن کی بڑی وجہ قرار دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات اور مؤثر منصوبہ بندی کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔