راجہ مارکیٹ پولیس چوکی کی کارروائی، سنیچنگ گروہ گرفتار
06-16-2026
(لاہور نیوز) راجہ مارکیٹ پولیس چوکی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سنیچنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث دو رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو ڈونگی گراؤنڈ کے علاقے سے حراست میں لیا گیا، ملزمان گرفتاری سے قبل کینال روڈ اور گردونواح میں متعدد سنیچنگ کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان چوری شدہ موٹرسائیکل پر وارداتیں کرتے تھے، پولیس نے ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ موٹرسائیکل، 6 موبائل فونز اور ایک کٹر برآمد کر لیا۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ گروہ کے دیگر ممکنہ ساتھیوں اور نیٹ ورک کا بھی سراغ لگایا جا رہا ہے۔