بیرون ملک سے ڈی پورٹ ہونے والے مسافروں کی ایچ آئی وی سکریننگ کا فیصلہ
06-16-2026
(ویب ڈیسک) ایئرپورٹ ہیلتھ حکام نے بیرون ملک سے ڈی پورٹ ہو کر آنے والے مسافروں کی پاکستان آمد پر ایچ آئی وی سکریننگ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
اس حوالے سے ایئرپورٹ ہیلتھ شعبے کی جانب سے لاہور ایئرپورٹ انتظامیہ کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے۔ مراسلے میں ایئرپورٹ انتظامیہ، فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے)، ایئرپورٹس سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) اور مختلف ایئرلائنز کو سکریننگ کے عمل سے متعلق سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ہدایات کے مطابق ڈی پورٹ ہونے والے مسافروں کی لاہور ایئرپورٹ پر قائم آئسولیشن روم میں ایچ آئی وی سکریننگ کی جائے گی, اگر کسی مسافر کا ٹیسٹ مثبت آتا ہے تو اس کی فوری اطلاع پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کے حکام کو دی جائے گی تاکہ مزید طبی اور انتظامی اقدامات بروقت کئے جا سکیں۔ مراسلے میں ایف آئی اے حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سکریننگ کے دوران ہیلتھ سٹاف کے ساتھ مکمل تعاون کریں، جبکہ اے ایس ایف عملے کو انٹرنیشنل آرائیول ٹیسٹ ایریا میں تعینات کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ مزید برآں، ایئرلائنز انتظامیہ اور متعلقہ حکام کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ پرواز کی لینڈنگ سے قبل ہیلتھ عملے کو ڈی پورٹ ہونے والے مسافروں کا مکمل ڈیٹا فراہم کریں تاکہ سکریننگ کا عمل مؤثر اور بروقت مکمل کیا جا سکے۔