محرم الحرام: اتحاد بین المسلمین پنجاب کمیٹی کا امن وامان اور بین المسالک ہم آہنگی پر اتفاق

06-16-2026

(لاہور نیوز) محرم الحرام کے حوالے سے اتحاد بین المسلمین پنجاب کمیٹی کا ایک غیرمعمولی اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے بھر میں امن و امان، بین المسالک ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے فروغ کے لیے جامع حکمت عملی پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس کی صدارت سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی نمائندگی کرتے ہوئے کی۔ اجلاس میں صوبائی وزرا خواجہ سلمان رفیق، بلال یاسین، چوہدری شافع حسین، مجتبیٰ شجاع الرحمن، بلال اکبر خان، صہیب احمد بھرتھ اور سید عاشق حسین کرمانی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے جید علما و مشائخ، امن کمیٹی اراکین اور مذہبی قائدین شریک ہوئے۔ سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ، چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ افسران بھی اجلاس کا حصہ تھے۔ اجلاس کا بنیادی مقصد صوبے میں بین المسالک ہم آہنگی، مذہبی رواداری، قومی اتحاد اور امن و امان کے فروغ کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنا تھا۔ اس موقع پر تمام علما نے متفقہ طور پر اعلان کیا کہ وہ اشتعال انگیزی، فرقہ واریت، فتنہ و فساد اور نفرت انگیزی کے خلاف حکومت پنجاب کے ساتھ مکمل طور پر کھڑے رہیں گے۔ علما نے محرم الحرام کے دوران حکومت پنجاب کی جانب سے کیے گئے سکیورٹی، صحت، صفائی، لنگر اور سبیلوں کے انتظامات کو سراہا جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر سبیلوں کے قیام سمیت دیگر اقدامات کو بھی قابل تحسین قرار دیا۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ نوجوان نسل کو اعتدال پسندی اور مثبت دینی تعلیمات کی طرف لایا جائے اور مذہبی قیادت اپنے خطابات اور میڈیا گفتگو میں برداشت، رواداری اور محبت کا پیغام عام کرے۔ سوشل میڈیا پر فرقہ واریت، نفرت اور افواہ سازی کے خلاف سخت اقدامات پر بھی اتفاق کیا گیا۔ حکومت پنجاب کی جانب سے محرم کے دوران سائبر پیٹرولنگ اور فوری رسپانس فورس تعینات کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ہر ضلع میں ترجمان مقرر کیے جا رہے ہیں جو فیک نیوز کے خلاف فوری ردعمل دیں گے۔ فیک نیوز اور نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے، گرفتاریوں اور قانونی کارروائی کا بھی اعلان کیا گیا۔ محکمہ داخلہ اور انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں کنٹرول رومز قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ شکایات اور منفی مواد پر فوری کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔ اجلاس میں محرم جلوسوں کے روٹس کی صفائی، ٹریفک کی بحالی، سکیورٹی اور طبی سہولیات کو فول پروف بنانے کی ہدایت کی گئی۔ پینے کے صاف پانی، سایہ دار مقامات اور طبی امداد کی فراہمی کو بھی یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔ شرکاء نے عالمی امن کے حوالے سے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر احمد نے عالمی سطح پر امن کے قیام میں اہم کردار ادا کیا، اور پاکستان کی کوششوں سے دنیا ایک بڑے تنازع سے محفوظ رہی۔ مزید بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محرم کے تمام انتظامات کی خود نگرانی کر رہی ہیں اور حکومت و علما کے درمیان مسلسل مشاورت جاری ہے۔ ہر تین ماہ بعد اتحاد بین المسلمین کمیٹی کے اجلاس کی تجویز بھی دی گئی۔ اجلاس کے آخر میں ملک کی سلامتی، خودمختاری اور محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔