پاسپورٹ موبائل ایپ کی تیاری پر کام تیز، آن لائن تجدید کی سہولت جلد متوقع

06-16-2026

(ویب ڈیسک) پاسپورٹ سروسز کی ڈیجیٹلائزیشن کے سلسلے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

پاسپورٹ موبائل ایپ کی تیاری پر کام تیز کر دیا گیا ہے جس کے بعد شہریوں کو جلد آن لائن پاسپورٹ تجدید کی سہولت میسر آنے کا امکان ہے، ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ہیڈ کوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پاسپورٹ سروسز کی ڈیجیٹلائزیشن اور جاری منصوبوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں نادرا حکام  نے بھی شرکت کی، اس موقع پر ملک بھر کے نادرا مراکز میں پاسپورٹ کاؤنٹرز کے قیام کی تجویز اور اس کی افادیت پر غور کیا گیا تاکہ شہریوں کو مزید سہولت فراہم کی جا سکے۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پاسپورٹ موبائل ایپ کی تیاری پر کام تیزی سے جاری ہے، موبائل ایپ کے ذریعے شہری پاسپورٹ کی تجدید، نئی درخواستوں کی آن لائن پراسیسنگ اور دیگر سہولیات گھر بیٹھے حاصل کر سکیں گے۔ ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا  نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو جدید اور آسان سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اجلاس میں شہریوں کو گھر بیٹھے پاسپورٹ کی فراہمی کیلئے ہوم ڈیلیوری سروس کے دائرہ کار میں توسیع کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا، جس کا مقصد پاسپورٹ کے حصول کے عمل کو مزید آسان اور مؤثر بنانا ہے۔