سرکاری سکولوں میں ہیڈماسٹر، سینئر ہیڈماسٹر اور پرنسپل کی تقرریوں کیلئے درخواستیں طلب
06-16-2026
:سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے سرکاری ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں میں ہیڈماسٹر، سینئر ہیڈماسٹر اور پرنسپل کی انتظامی آسامیوں پر میرٹ کی بنیاد پر تقرریوں کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں اہل اساتذہ سے آن لائن درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔
محکمہ تعلیم کے مطابق امیدواروں کا انتخاب شفاف اور مسابقتی عمل کے تحت تحریری ٹیسٹ اور انٹرویو کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ ہیڈماسٹر (گریڈ 17)، سینئر ہیڈماسٹر (گریڈ 18) اور پرنسپل (گریڈ 19 اور 20) کی آسامیوں کے لیے مقررہ معیار پر پورا اترنے والے اساتذہ درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔ درخواست گزاروں کے لیے کم از کم پانچ سالہ تدریسی یا انتظامی تجربہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ امیدواروں کو بنیادی آئی ٹی مہارتوں، سرکاری قواعد و ضوابط اور تدریسی صلاحیتوں پر مشتمل تحریری ٹیسٹ دینا ہوگا، جبکہ کامیاب امیدواروں کے انٹرویوز بھی منعقد کیے جائیں گے۔ محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ تمام درخواستیں صرف ایچ آر ایم ایس پورٹل کے ذریعے آن لائن جمع کرائی جا سکیں گی۔ بذریعہ ڈاک یا دستی جمع کرائی گئی درخواستوں پر غور نہیں کیا جائے گا۔ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 17 جون مقرر کی گئی ہے۔ محکمہ تعلیم کے مطابق امیدواروں کو ٹیسٹ یا انٹرویو میں شرکت کے لیے کسی قسم کا ٹی اے/ڈی اے فراہم نہیں کیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد سرکاری تعلیمی اداروں میں انتظامی عہدوں پر اہل، تجربہ کار اور باصلاحیت اساتذہ کا انتخاب یقینی بنانا اور تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانا ہے۔