محرم الحرام: واسا نے تمام آپریشنل سٹاف اور افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دیں
06-16-2026
(لاہور نیوز) محرم الحرام کے دوران شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور جلوسوں کے راستوں پر انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے ایم ڈی واسا نے تمام آپریشنل سٹاف اور افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔
ایم ڈی واسا نے تمام ٹاؤنز کے ڈائریکٹرز کو ہدایت جاری کی ہے کہ جلوسوں کے روٹس پر سیوریج لائنوں کی مکمل صفائی کو یقینی بنایا جائے، جبکہ تمام مین ہولز کی چیکنگ اور خراب مین ہولز کی فوری مرمت بھی کی جائے تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ محرم الحرام کے دوران واسا کے شکایتی مراکز اور ایمرجنسی سینٹرز چوبیس گھنٹے فعال رہیں گے، تمام متعلقہ افسران اور عملے کو اپنے اپنے ٹاؤنز میں موجود امام بارگاہوں کے دورے کرنے اور انتظامات کا جائزہ لینے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔ ایم ڈی واسا کے مطابق تمام ٹاؤنز کیلئے فوکل پرسنز تعینات کر دیئے گئے ہیں، جبکہ مرکزی کنٹرول روم سے بھی صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی، جلوسوں کے روٹس پر پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے واٹر ٹینکرز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ مزید برآں، سکشن مشینیں، جیٹنگ یونٹس اور واٹر باؤزرز کو اہم مقامات پر تعینات کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے، واسا افسران اور فیلڈ سٹاف کو محرم الحرام کے دوران چوبیس گھنٹے ڈیوٹی سرانجام دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔