پیپلز پارٹی کے پنجاب بجٹ پر تحفظات برقرار، پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس آج طلب

06-16-2026

(لاہور نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج پنجاب اسمبلی میں طلب کر لیا گیا ہے، جس میں پنجاب حکومت کے بجٹ پر پارٹی کے مؤقف اور آئندہ حکمتِ عملی کا فیصلہ کیا جائے گا۔

پارلیمانی لیڈر علی حیدر گیلانی نے بتایا کہ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے انہیں پنجاب کے بجٹ، اخراجات، آمدن اور مختلف شعبوں کے لیے مختص فنڈز کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ علی حیدر گیلانی کے مطابق پیپلز پارٹی نے جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ نہ بنانے، کسانوں کے نقصانات کے مؤثر ازالے کے لیے جامع پالیسی نہ ہونے اور زرعی شعبے کے مسائل کے حل سے متعلق بجٹ تجاویز پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے نظام میں موجود خامیوں اور کچرے کو ٹھکانے لگانے کے لیے مناسب لینڈ فل سائٹس کی عدم دستیابی کے باعث زمینی اور فضائی آلودگی میں اضافہ ہو رہا ہے، جس پر بھی پارٹی نے اعتراضات اٹھائے ہیں۔ علی حیدر گیلانی کا کہنا تھا کہ آج ہونے والے اجلاس میں بجٹ کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا اور اسی بنیاد پر پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب اسمبلی میں اپنے حتمی مؤقف کا اعلان کرے گی۔