محسن نقوی کی منصورہ آمد، حافظ نعیم سے ملاقات؛ ایران۔امریکہ مفاہمت خوش آئند قرار

06-16-2026

(لاہور نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے اہم ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران ایران اور امریکہ کے درمیان ہونے والی مفاہمت کے بعد خطے کی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے ایران۔امریکہ مفاہمت کو خطے میں امن اور استحکام کے لیے خوش آئند پیش رفت قرار دیا۔ اس موقع پر حافظ نعیم الرحمان نے مفاہمت کے عمل میں پاکستان کے مخلصانہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران۔امریکہ مفاہمت کے حوالے سے پاکستان کے تاریخی کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور اس سے پورے خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران۔امریکہ مذاکرات اور اس حوالے سے حکومتی اقدامات پر امیر جماعت اسلامی کو اعتماد میں لیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے خطے میں امن کے قیام کے لیے ناقابل فراموش کردار ادا کیا، جبکہ کشیدگی کے خاتمے کا کریڈٹ پاکستان کو جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے حضور سربسجود ہیں کہ ہماری حقیر کاوشوں کو قبول فرمایا۔ ملاقات میں صومالیہ میں پھنسے پاکستانیوں کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ حافظ نعیم الرحمان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ محصور پاکستانیوں کی فوری اور محفوظ وطن واپسی کے لیے مؤثر سفارتی اقدامات کیے جائیں۔ دونوں رہنماؤں نے ملکی معیشت کی بہتری اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے مختلف اقدامات پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔