پی سی بی کا سینٹرل کنٹریکٹ سسٹم میں بڑی تبدیلیوں کا اعلان، نیا فارمیٹ متعارف

06-15-2026

(لاہورنیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سینٹرل کنٹریکٹس سسٹم میں بڑی تبدیلیوں کا اعلان کرتے ہوئے کھلاڑیوں کے لیے نیا فارمیٹ متعارف کرا دیا۔

  چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر قیادت پی سی بی نے سینٹرل کنٹریکٹس میں انقلابی تبدیلیاں متعارف کرا دیں۔ نئے فارمیٹ کے مطابق سینٹرل کانٹریکٹس اب پانچ فارمیٹ ٹریکس میں تقسیم ہوں گے، پرانے اے، بی، سی اور ڈی گریڈز ختم کر دیے گئے ہیں، ٹریک اے بی میں ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹرز جبکہ ٹریک اے میں ریڈ بال سپیشلسٹ شامل ہوں گے۔ ٹریک بی سی میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹرز جبکہ ٹریک ڈی میں ٹی ٹوئنٹی اور فرنچائز سپیشلسٹ شامل ہوں گے۔ فیصلہ کے مطابق نئے نظام میں ہر کھلاڑی کا موازنہ اپنے ہی فارمیٹ کے کرکٹرز سے کیا جائے گا، ٹیسٹ کرکٹرز کو ریڈ بال کی عالمی فرسٹ کلاس لیگز کھیلنے کی اجازت بھی دی جائے گی، سینٹرل کانٹریکٹ کے لیے کھلاڑیوں کو تین مراحل سے گزرنا ہوگا، میڈیکل، ڈومیسٹک کرکٹ اور پرفارمنس جائزہ بھی شامل ہوگا۔ پی سی بی کا نیا سینٹرل کانٹریکٹ سسٹم 2026 کے کنٹریکٹ سائیکل سے نافذ ہوگا۔ محسن نقوی لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں سے اچھا فیڈ بیک ملا ہے، کھلاڑیوں کو مکمل بریف کیا گیا ہے، اب کوئی یہ نہیں کہے گا کہ اے نہیں ملی، بی نہیں ملی۔ ان کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی کے پاس بہت کام کرنے کو ہے، ہم پابند کر رہے ہیں کہ پلیئر ڈومیسٹک کرکٹ کھیلیں، اگر کوئی نہیں کھیلے گا تو اس کے نتائج بھی سامنے آئیں گے، ہم نے دستاویز میں ایک ایک چیز کو بڑی تفصیل سے ڈالا ہے۔ عاقب جاوید اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے کہا کہ کھلاڑیوں کے سلیکشن کے عمل کو بہتر بنانا ہماری ترجیح رہی، پرانے کیٹیگری سسٹم کی جگہ 5 نئے فارمیٹ ٹریکس متعارف کروائے ہیں۔ عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ میں ہم پیچھے رہ گئے ہیں، ٹیسٹ کو اہمیت دی گئی ہے، اب پلیئرز کو پتہ ہو گا کہ وہ کس فارمیٹ کے لیے ہیں، ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے حساب سے کیٹیگریز بنائی گئی ہیں، ہم نے 1 سال سے ڈومیسٹک میں اس سسٹم کو لاگو کیا ہوا ہے۔ ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس نے کہا کہ میں نے مانا تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹس میں بہتری کی ضرورت ہے، ہمیں بھی اعتراضات ہوتے تھے اس کو محسوس کرتے ہیں، ہم ایلیٹ لیول سے میڈیکل کا طریقہ کار شروع نہیں کر رہے۔ مائیک ہیسن  اس موقع پر وائٹ بال کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کا کہنا ہے کہ کرکٹ کا لینڈ سکیپ تبدیل ہو چکا ہے، تبدیل شدہ لینڈ سکیپ کے مطابق یہ فریم ورک تیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ متاثر کن دستاویز ہے، ٹیسٹ کرکٹ کو اہمیت دی گئی ہے، تاکہ پلیئرز فرسٹ کلاس کھیلیں اور اپنے پاتھ وے کو طے کریں۔