ڈپٹی کمشنر لاہور کا امام بارگاہوں اور جلوس روٹس کا فیلڈ معائنہ

06-15-2026

(لاہور نیوز) ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے تحصیل شالیمار کا فیلڈ دورہ کیا اور محرم الحرام کے سلسلے میں جلوسوں کے روٹس اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر  نے مغلپورہ امام بارگاہ ابوالفضل العباس اور شالیمار لنک روڈ کا معائنہ کیا، جبکہ اے سی شالیمار نے انہیں جلوس کے روٹ اور سکیورٹی پلان پر بریفنگ دی۔ انتظامیہ کے مطابق روٹ پر ممکنہ رکاوٹوں اور حساس مقامات کی نشاندہی مکمل کر لی گئی ہے اور مجموعی سیکیورٹی پلان بھی تیار کیا جا چکا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ عاشورہ جلوس کے روٹ پر تمام ضروری پیچ ورک فوری مکمل کیا جائے جبکہ مناسب لائٹنگ اور ایمرجنسی میڈیکل کیمپسکا قیام یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جلوس کے راستوں سے تمام تجاوزات اور رکاوٹیں فوری طور پر ہٹائی جائیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز  نے کہا کہ محرم الحرام کا مذہبی تقدس ہر صورت برقرار رکھا جائے گا اور شہر میں امن و امان کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔