میٹرو بس اور ہسپتالوں میں موبائل چوری کرنے والا ملزم گرفتار
06-15-2026
(لاہور نیوز) لاہور پولیس نے میٹرو بس اسٹیشنز اور ہسپتالوں میں موبائل فون چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق نصیر آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم سفیان کو اتفاق میٹرو اسٹیشن سے گرفتار کیا، ملزم ہسپتالوں میں رش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مریضوں کے لواحقین کی جیبوں سے موبائل فون چوری کرتا تھا۔ تحقیقات کے مطابق ملزم نے گزشتہ تین روز کے دوران میٹرو بس، چلڈرن ہسپتال اور گلاب دیوی ہسپتال سے 6 موبائل فون چوری کئے تھے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم چوری شدہ موبائل فونز کے پارٹس نکال کر فروخت کرتا تھا۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کے مطابق ملزم سفیان کے قبضے سے چوری شدہ 6 موبائل فون برآمد کر لئے گئے ہیں جبکہ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس کے دیگر ساتھیوں اور وارداتوں کا بھی سراغ لگایا جا سکے۔ پولیس حکام کے مطابق ایس پی ماڈل ٹاؤن نے ایس ایچ او نصیر آباد کو 48 گھنٹوں کے اندر ملزم کی گرفتاری کا ٹاسک دیا تھا، جسے کامیابی سے مکمل کر لیا گیا۔