سی سی ٹی وی فوٹیجز سے اغواء کے مقدمے میں مطلوب 6 سالہ بچی بازیاب
06-15-2026
(لاہور نیوز) لاہور پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے اغواء کے مقدمے میں مطلوب 6 سالہ بچی کو بحفاظت بازیاب کر لیا۔
پولیس کے مطابق لیاقت آباد پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ماڈل ٹاؤن میں کے بلاک سے بچی کو تلاش کر لیا، ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ بچی گھر والوں کو بتائے بغیر گھر سے نکل گئی تھی اور واپسی کا راستہ بھول جانے کے باعث لاپتہ ہو گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کے والد اعجاز کی درخواست پر مقدمہ درج کیا گیا اور فوری طور پر تلاش کا عمل شروع کیا گیا، مختلف مقامات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز کا جائزہ لینے کے دوران بچی کو جاتے ہوئے دیکھا گیا، جس کی بنیاد پر پولیس نے اس کا سراغ لگایا۔ پولیس حکام کے مطابق 6 سالہ منساء کو بحفاظت بازیاب کر کے والد کے حوالے کر دیا گیا ہے، بچی کی بازیابی پر اہل خانہ نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کی فوری اور مؤثر کارروائی کو سراہا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔