ماہانہ 15 لاکھ سے کم آمدنی والوں پرٹیکسوں کا زیادہ بوجھ ڈال دیا گیا:گوہراعجاز

06-14-2026

(ویب ڈیسک) سابق نگران وفاقی وزیر گوہر اعجاز نے تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسوں کا بوجھ کم کرنے کی تجاویز دے دیں۔

گوہر اعجاز کا کہنا ہے کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو دیا جانیوالا مجوزہ ٹیکس ریلیف ناکافی ہے،ماہانہ 15 لاکھ روپے سے کم آمدنی والے افراد پر ٹیکسوں کا زیادہ بوجھ ڈال دیا گیا ہے۔   گوہر اعجاز نے کہا کہ بھاری ٹیکسوں کی وجہ سے تنخواہ دار طبقے  کو بنیادی ضروریات زندگی پوری کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے،ان افراد کو بجلی اور گیس کے بل ادا کرنے میں پریشانی ہو رہی ہے۔  سابق نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ بھاری ٹیکسز کے باعث ان افراد کو بچوں کو تعلیم اور صحت کی سہولت دینے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں،تنخواہ دار طبقے کو ٹیکسوں کا مزید ریلیف دیا جائے۔  انہوں نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے کے لیے انکم ٹیکس کے صرف تین سلیب ہونے چاہئیں،ماہانہ ایک سے پانچ لاکھ روپے آمدن پر 5 فیصد ٹیکس لگایا جائے ،ماہانہ 5 سے 10 لاکھ روپے آمدن پر 10 فیصد ٹیکس لگایا جائے ،ماہانہ 15 لاکھ روپے سے زائد آمدن پر 20 فیصد ٹیکس لگایا جائے۔  سابق وزیر نے کہا کہ ملک کے متوسط طبقے کو ٹیکس ریلیف فراہم کیا جائے ،تنخواہ دار طبقے کو خرچہ کرنے کا موقع دیا جائے ،اگر تنخواہ دار طبقہ خرچ کرے گا تو حکومت کو ٹیکس ملے گا ،حکومت اور پارلیمنٹ تنخواہ دار طبقے کو ٹیکس ریلیف فراہم کرے۔