رکن اسمبلی ثاقب چدھڑ کے خلاف چیک ڈس آنر ہونے پر 3 مقدمات درج

06-13-2026

(لاہور نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کے خلاف چیک ڈس آنر ہونے کے الزام میں تھانہ ڈیفنس اے میں تین مقدمات درج کر لئے گئے۔

پولیس کے مطابق مقدمات ماہ رخ عارف نامی خاتون کی مدعیت میں درج کئے گئے، جن میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 27 کروڑ روپے مالیت کے تین چیک مقررہ تاریخ پر کیش نہ ہو سکے۔ ایف آئی آر کے مطابق مدعی نے خود کو کینسر کی مریضہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں  نے اپنی جائیداد فروخت کرنے کیلئے ثاقب چدھڑ اور اکبر خان سے رابطہ کیا تھا، ڈیوس روڈ پر واقع تقریباً 60 کروڑ روپے مالیت کی جائیداد کا سودا طے پایا۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ ادائیگی کیلئے 9،9 کروڑ روپے مالیت کے تین چیک دیئے گئے، تاہم اکاؤنٹ میں رقم موجود نہ ہونے کے باعث تینوں چیک ڈس آنر ہو گئے۔ ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ رقم کی واپسی کا مطالبہ کرنے پر ملزمان  نے ادائیگی سے انکار کر دیا، پولیس نے شکایت کی بنیاد پر چیک ڈس آنر کے تین الگ الگ مقدمات درج کر لئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مقدمات کے اندراج کے باوجود پولیس تاحال ثاقب چدھڑ کو گرفتار نہیں کر سکی، جبکہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔