رنگ روڈ پولیس کا پیدل کراسنگ قوانین کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن

06-13-2026

(لاہور نیوز) رنگ روڈ پولیس نے پیدل کراسنگ قوانین اور موٹرسائیکل سواروں کی جانب سے خلاف ورزیوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران متعدد افراد کے خلاف مقدمات درج کر لئے۔

پولیس کے مطابق خطرناک انداز میں سڑک عبور کرنے پر 7 افراد کو گرفتار کر کے حوالات منتقل کیا گیا، جبکہ اسی نوعیت کے مزید 4 افراد کے خلاف مقدمات درج کر کے انہیں بھی قانونی کارروائی کیلئے حراست میں  لے لیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پیدل کراسنگ پل کے علاوہ سڑک عبور کرنے پر 290 افراد کے چالان کئے گئے، جبکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 13 موٹرسائیکل سواروں کو 5 ہزار روپے فی کس جرمانہ عائد کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ون وے کی خلاف ورزی پر ایک کوسٹر اور ایک کار کو بند کر دیا گیا ہے اور ان کے خلاف مقدمات بھی درج کئے گئے ہیں۔ کمانڈنٹ رنگ روڈ پولیس صفی اللہ گوندل  نے کہا ہے کہ حادثات کی روک تھام کیلئے رنگ روڈ کو پیدل کراسنگ فری زون بنانے پر غور کیا جا رہا ہے، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کیلئے ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد جاری رہے گا۔ پولیس حکام  کے مطابق اس نوعیت کے آپریشنز آئندہ بھی جاری رہیں گے تاکہ سڑکوں پر نظم و ضبط کو بہتر بنایا جا سکے اور حادثات میں کمی لائی جا سکے۔