مشکل معاشی حالات میں مفت سفر عوام کاحق سمجھتے ہیں :وزیراعلیٰ مریم نواز

06-13-2026

: پنجاب حکومت کی جانب سے عوام کو سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے شروع کی گئی مفت یا سبسڈی والی ٹرانسپورٹ سروسز سے گزشتہ 70 روز میں 9 کروڑ شہریوں نے فائدہ اٹھایا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق حکومت نے اس عرصے میں عوامی سفری سہولت کے لیے 1 ارب 60 کروڑ روپے کی سبسڈی فراہم کی۔ الیکٹرو بس کا کرایہ 20 روپے جبکہ میٹرو اور دیگر ٹرانسپورٹ سروسز کا کرایہ 35 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق پنجاب بھر میں 8 مختلف ٹرانسپورٹ سروسز پر مجموعی طور پر 9 کروڑ سے زائد افراد نے سفر کیا، جبکہ روزانہ کی بنیاد پر 26 اضلاع میں تقریباً 13 لاکھ سے زائد مسافروں نے سفری سہولت سے استفادہ کیا۔ اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں چلنے والے بڑے ٹرانزٹ سسٹمز میں بھی رائیڈر شپ میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین پر 70 روز کے دوران تقریباً 2 کروڑ 30 لاکھ مسافروں نے سفر کیا، جبکہ روزانہ 3 لاکھ 29 ہزار سے زائد مسافر اس سروس سے مستفید ہوئے۔ لاہور میٹرو بس سروس پر اسی مدت میں تقریباً 1 کروڑ 60 لاکھ افراد نے سفر کیا، جبکہ فیڈر روٹس کی سپیڈو بسوں پر 1 کروڑ 6 لاکھ سے زائد مسافروں نے استعمال کیا۔ گرین بس سروس پر 22 لاکھ سے زائد افراد نے سفر کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ مشکل معاشی حالات میں عوام کو سفری سہولت فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری اور حق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں اقدامات کا تسلسل جاری رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ معاشی صورتحال میں عوام کا ساتھ دینا حکومت کا غیر متزلزل عزم ہے اور عوامی فلاح کے منصوبوں کو مزید وسعت دی جائے گی۔