آندھی اور بارش کے بعد لیسکو کے متعدد فیڈرز تاحال متاثر، بجلی بحال نہ ہو سکی

06-13-2026

(لاہور نیوز) گزشتہ رات آنے والی آندھی اور بارش کے بعد شہر کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہو گئی، جبکہ لیسکو ریجن کے کئی فیڈرز تاحال مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکے۔

لیسکو ترجمان کے مطابق خراب فیڈرز پر بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے اور فیلڈ ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں مرمت اور بحالی کے آپریشن میں مصروف ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ لیسکو ریجن میں 20 سے زائد فیڈرز پر مرمتی کام جاری ہے تاکہ جلد از جلد بجلی کی فراہمی معمول پر لائی جا سکے۔ ترجمان کے مطابق موسم میں بہتری کے بعد بجلی کی مجموعی ڈیمانڈ میں کمی آئی ہے اور شارٹ فال صفر ہو چکا ہے، تاہم بعض علاقوں میں تکنیکی خرابیوں اور لائن لاسز کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔ لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ جن علاقوں میں لائن لاسز زیادہ ہیں وہاں لوڈ مینجمنٹ کے تحت عارضی لوڈ شیڈنگ بھی کی جاتی ہے تاکہ سسٹم کو مستحکم رکھا جا سکے۔ ادارے کے مطابق بحالی کا عمل جلد مکمل کر کے تمام متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی معمول پر لائی جائے گی۔