ایل پی جی مافیا بے قابو، 560 روپے فی کلو تک فروخت
06-13-2026
(ویب ڈیسک) شہر بھر میں ایل پی جی کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔
سرکاری نرخ نامہ صرف کاغذی کارروائی تک محدود ہو کر رہ گیا ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ ایل پی جی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام دکھائی دیتی ہے اور من مانی قیمتوں پر گیس فروخت کرنے والوں کے خلاف مؤثر کارروائی نہیں کی جا رہی۔ شہریوں کے مطابق جہاں اوگرا کی جانب سے ایل پی جی کی فی کلو مقررہ قیمت 308 روپے رکھی گئی ہے، وہیں شہر کے مختلف علاقوں میں ایل پی جی 560 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے، عوام کا کہنا ہے کہ کسی بھی علاقے میں سرکاری نرخ پر ایل پی جی دستیاب نہیں اور دکاندار اپنی مرضی سے قیمتیں مقرر کر رہے ہیں۔ متاثرہ شہریوں نے شکایت کی ہے کہ ایل پی جی فروش روزانہ کی بنیاد پر 20 سے 30 روپے فی کلو تک قیمت بڑھا دیتے ہیں، جس کے باعث گھریلو بجٹ بری طرح متاثر ہو رہا ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں وہ پہلے ہی شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں اور اب مہنگی ایل پی جی نے مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔