انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں مطلوب 4 اشتہاری گرفتار
06-13-2026
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں ناکہ جات پر سکیورٹی سخت کیے جانے کے بعد موبائلز سکواڈ نے مختلف کارروائیوں کے دوران چار اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
ترجمان ڈولفن کے مطابق گرفتار ملزمان کو ناکہ ٹھوکر نیاز بیگ، این ایل سی سمیت دیگر ناکہ جات پر پبلک ٹرانسپورٹ کی معمول کی چیکنگ کے دوران حراست میں لیا گیا۔ ایس پی ڈولفن نے بتایا کہ گرفتار ملزمان پشاور، فیصل آباد، اوکاڑہ اور لاہور میں ایف آئی اے کو مطلوب تھے اور مختلف مقدمات میں مطلوبی کی بنیاد پر گرفتاری سے بچنے کیلئے روپوش تھے۔ ترجمان کے مطابق ملزمان کے خلاف انسانی سمگلنگ، ویزا فراڈ اور حوالہ ہنڈی جیسے سنگین مقدمات درج ہیں۔ گرفتار ملزمان کی شناخت عنایت، بختیار، نثار اور تجمل کے ناموں سے ہوئی ہے، جو گزشتہ 8 سال سے گرفتاری سے بچنے کیلئے مختلف مقامات پر روپوش تھے۔ پولیس حکام کے مطابق تمام گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کیلئے متعلقہ تھانوں کے حوالے کردیا گیا ہے۔