محرم الحرام 2026: پنجاب بھر میں جامع ٹریفک پلان تشکیل دینے کی ہدایت
06-12-2026
(لاہور نیوز) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے محرم الحرام 2026 کے دوران ٹریفک کی روانی، شہریوں کے تحفظ اور عزاداران کی سہولت کو یقینی بنانے کیلئے پنجاب کے تمام اضلاع کو جامع ٹریفک پلان مرتب کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔
اس حوالے سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تمام اضلاع ضلعی پولیس کے تعاون سے محرم الحرام کیلئے تفصیلی ٹریفک پلان تیار کریں اور اسے ضلعی سکیورٹی پلان کا حصہ بنایا جائے، محرم کے جلوسوں، مجالس اور امام بارگاہوں کے اطراف خصوصی ٹریفک انتظامات نافذ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ مراسلے کے مطابق بغیر نمبر پلیٹ اور جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف خصوصی چیکنگ مہم چلائی جائے گی، جبکہ جیپوں، ایمبولینسوں، کاروں، موٹر سائیکلوں، رکشوں اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے محرم الحرام کے دوران دفتری عملے سمیت زیادہ سے زیادہ ٹریفک نفری کو فیلڈ میں تعینات کرنے، جلوسوں اور مجالس کیلئے خصوصی ڈیوٹیاں لگانے اور ضلعی پولیس کے تعاون سے جلوسوں کے روٹس کلیئر رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جلوسوں اور مجالس کے متبادل راستوں پر ٹریفک کی روانی کو مؤثر بنایا جائے اور ڈائیورژن پلان سے متعلق شہریوں کو بروقت آگاہ کیا جائے، اس مقصد کیلئے الیکٹرانک اور سوشل میڈیا سمیت دیگر ذرائع سے ٹریفک اپ ڈیٹس جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ مزید برآں، مجالس، جلوسوں اور امام بارگاہوں کے قریب معلوماتی و آگاہی بینرز نصب کرنے، مناسب پارکنگ انتظامات یقینی بنانے اور پارکنگ مقامات کا تعین ضلعی انتظامیہ اور ضلعی پولیس کی مشاورت سے کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ محرم الحرام کے دوران خصوصی ٹریفک کنٹرول رومز اور شکایتی مراکز قائم کئے جائیں گے جبکہ تمام اضلاع کو ہدایت کی گئی ہے کہ ٹریفک انتظامات اور روزانہ کی صورتحال سے متعلق رپورٹس باقاعدگی سے ٹریفک ہیڈکوارٹرز پنجاب کو ارسال کی جائیں۔ ترجمان کے مطابق محرم الحرام کے دوران شہریوں کی جان و مال کے تحفظ، ٹریفک کی روانی اور عزاداران کی سہولت کیلئے تمام ممکنہ انتظامات مکمل کئے جا رہے ہیں، عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال یا ٹریفک مسئلے کی فوری اطلاع قریبی کنٹرول روم کو دیں۔