بچوں کو تعلیم اور محفوظ مستقبل دینا حکومت پنجاب کی ترجیح ہے، سارہ احمد

06-12-2026

(لاہور نیوز) عالمی انسدادِ چائلڈ لیبر ڈے کے موقع پر چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب اور رکن صوبائی اسمبلی سارہ احمد نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آج دنیا بھر میں چائلڈ لیبر کے خلاف عالمی دن منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد بچوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں مشقت سے نجات دلانے کے عزم کی تجدید کرنا ہے۔

انہوں  نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو بچوں کے تحفظ، فلاح و بہبود اور بحالی کیلئے مؤثر اقدامات کر رہا ہے، حکومت پنجاب چائلڈ لیبر کے خاتمے اور ہر بچے کو تعلیم، تحفظ اور باعزت مستقبل فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ سارہ احمد نے کہا کہ بچوں کو مشقت کی بجائے تعلیم اور ہنر کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، 15 سال سے کم عمر بچوں سے مشقت لینا قانوناً جرم اور قابلِ سزا عمل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو جبری مشقت کا شکار بچوں کو ریسکیو، بحالی، تعلیم اور فنی تربیت کی سہولیات فراہم کر رہا ہے، جبکہ انہیں مستقبل میں بہتر روزگار کے مواقع سے بھی جوڑا جا رہا ہے۔ چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو  نے والدین، اساتذہ اور معاشرے کے تمام طبقات پر زور دیا کہ وہ بچوں کو محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ کوئی بھی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے۔