لاہور میں آن لائن کیبز کیلئے سی ایم کیو آر پینک بٹن، ڈیش کیم اور ٹریکر لازمی قرار

06-12-2026

(لاہور نیوز) شہریوں بالخصوص خواتین کے تحفظ اور سمارٹ ٹریفک مینجمنٹ کے فروغ کیلئے لاہور ٹریفک پولیس نے آن لائن ٹیکسی سروسز میں جدید سکیورٹی فیچرز متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا۔

اس سلسلے میں چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے آن لائن کیب کمپنیوں کے نمائندوں سے اہم ملاقات کی، جس میں مسافروں اور ڈرائیورز کی حفاظت کیلئے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سی ٹی او لاہور  نے تمام آن لائن کیب کمپنیوں کو مرحلہ وار اپنی گاڑیوں میں سی ایم کیو آر پینک بٹن، ڈیش کیم اور جدید ٹریکنگ سسٹم نصب کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں خصوصاً خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے یہ اقدامات ناگزیر ہیں۔ ملاقات کے دوران آن لائن کیب کمپنیوں کے نمائندوں  نے جلد از جلد اپنی گاڑیوں میں ڈیش کیم، کیو آر پینک بٹن اور ٹریکرز نصب کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ سید عبدالرحیم شیرازی  نے واضح کیا کہ حفاظتی اور سکیورٹی فیچرز نہ اپنانے والی آن لائن ٹیکسی گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، انہوں نے کہا کہ لاہور ٹریفک پولیس کیو آر پینک بٹن کی تنصیب کے عمل میں مکمل معاونت فراہم کرے گی۔ سی ٹی او لاہور کے مطابق جدید ٹریکنگ سسٹم کی بدولت مسافروں اور ڈرائیورز کی مانیٹرنگ مزید مؤثر ہو سکے گی، جبکہ ڈیش کیمز کے استعمال سے شہریوں کے تحفظ، جرائم کی روک تھام اور ٹریفک حادثات کی تحقیقات میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں  نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ان اقدامات کا مقصد شہریوں کو محفوظ، بااعتماد اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنا ہے، جبکہ اس سے ٹریفک نظم و ضبط اور شہری تحفظ میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔