ایک سال میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ

06-12-2026

(لاہور نیوز) گزشتہ مالی سال کے بجٹ سے آئندہ مالی سال کے بجٹ تک روزمرہ استعمال کی سبزیوں اور موسمی پھلوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

سرکاری طور پر جاری کی جانے والی ریٹ لسٹوں کے تقابلی جائزے سے مہنگائی کے بڑھتے ہوئے رجحان کی واضح عکاسی ہوتی ہے، اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال جون 2025 میں پیاز کی سرکاری قیمت 35 روپے فی کلو مقرر تھی، جو جون 2026 میں بڑھ کر 70 روپے فی کلو ہو گئی، اس طرح پیاز کی قیمت میں 100 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح ٹماٹر کی قیمت 35 روپے فی کلو سے بڑھا کر 60 روپے فی کلو مقرر کی گئی، جو تقریباً 58 فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہے، لہسن 242 روپے فی کلو سے بڑھ کر 350 روپے فی کلو ہو گیا، جس سے اس کی قیمت میں 44.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب ادرک واحد ایسی شے رہی جس کی قیمت میں کمی دیکھنے میں آئی، جون 2025 میں ادرک 525 روپے فی کلو مقرر تھی، جسے کم کرکے 295 روپے فی کلو کر دیا گیا، یوں اس کی قیمت میں تقریباً 43.8 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ موسمی پھلوں کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ سامنے آیا ہے، آلو بخارہ 267 روپے فی کلو سے بڑھ کر 390 روپے فی کلو مقرر کیا گیا، جو تقریباً 46 فیصد اضافے کے برابر ہے، کیلا درجہ اول 180 روپے فی درجن سے بڑھ کر 215 روپے فی درجن ہو گیا، جس سے اس کی قیمت میں 19 فیصد اضافہ ہوا۔ گرما کی قیمت میں 30 فیصد اضافہ کرتے ہوئے اسے 130 روپے فی کلو مقرر کیا گیا، جبکہ خربوزہ 31.6 فیصد مہنگا ہو کر 125 روپے فی کلو تک پہنچ گیا، سفید خوبانی کی قیمت 41 فیصد اضافے کے بعد 310 روپے فی کلو مقرر کی گئی، آم سندھڑی کی قیمت میں نسبتاً معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا، گزشتہ سال اس کی قیمت 257 روپے فی کلو تھی جو بڑھ کر 260 روپے فی کلو مقرر کی گئی۔