محرم الحرام: پنجاب بھر میں خصوصی صفائی پلان، جلوس روٹس پر انتظامات سخت

06-11-2026

(لاہور نیوز) محرم الحرام کے دوران صوبہ بھر میں صفائی ستھرائی کے مؤثر انتظامات یقینی بنانے کیلئے خصوصی صفائی پلان جاری کر دیا گیا۔

ستھرا پنجاب اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل بابر صاحب دین کی ہدایت پر جامع صفائی پلان تشکیل دیا گیا ہے جس کے تحت مجالس، امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس پر خصوصی صفائی انتظامات کئے جائیں گے۔ ڈی جی کے مطابق محرم کے پہلے دس ایام میں صفائی کے غیر معمولی اقدامات کئے جائیں گے تاکہ عزاداروں کو صاف ستھرا ماحول اور بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں، انہوں  نے صفائی کے عمل کی سخت نگرانی کی بھی ہدایت کی ہے، کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی، کنٹینرز کی مسلسل صفائی اور جلوس روٹس پر صفائی کے عمل کو 24 گھنٹے مانیٹر کیا جائے گا۔ لاہور میں خصوصی صفائی آپریشن کیلئے 320 سے زائد ورکرز اور تمام ضروری مشینری تعینات کر دی گئی ہے، جو تین شفٹوں میں اپنے فرائض انجام دیں گے، جلوسوں کے روٹس پر موجود کنٹینرز کو بھی باقاعدگی سے خالی کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے، یوم عاشورہ سے قبل شہر کی 121 بڑی امام بارگاہوں کی خصوصی دھلائی اور صفائی کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے، جس کیلئے خصوصی ٹیمیں تعینات ہیں۔ ڈی جی ستھرا پنجاب اتھارٹی نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران صفائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے عزاداروں کیلئے صاف اور محفوظ ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔