پرانی موٹرسائیکل نئی بنا کر بیچنے کا الزام، دکاندار کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ

06-11-2026

(ویب ڈیسک) پرانی موٹرسائیکل کو نئی ظاہر کرکے فروخت کرنے کے معاملے پر ایک شہری نے دکاندار کے خلاف صارف عدالت سے رجوع کرتے ہوئے 5 لاکھ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کر دیا۔

سبزہ زار کے رہائشی شکیل احمد نے صارف عدالت میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ انہوں  نے منٹگمری روڈ سے 60 ہزار روپے میں ایک موٹرسائیکل خریدی تھی, خریداری کے وقت دکاندار  نے موٹرسائیکل کو نئی قرار دے کر فروخت کیا۔ درخواست گزار  کے مطابق بعد ازاں معلوم ہوا کہ موٹرسائیکل دراصل پرانی تھی جسے رنگ و روغن اور مرمت کے ذریعے نئی شکل دی گئی تھی، انہیں دھوکہ دے کر پرانی موٹرسائیکل نئی ظاہر کرتے ہوئے فروخت کی گئی۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ دکاندار کے اس عمل سے انہیں مالی اور ذہنی نقصان پہنچا، لہٰذا ہرجانے کی مد میں 5 لاکھ روپے ادا کرنے کا حکم دیا جائے۔ صارف عدالت نے درخواست پر ابتدائی کارروائی کرتے ہوئے منٹگمری روڈ کے دکاندار پرویز کو نوٹس جاری کر دیا اور 17 جون کو جواب سمیت عدالت میں طلب کر لیا۔ عدالت آئندہ سماعت پر فریقین کے مؤقف سننے کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائے گی۔