خاتون کے قتل میں ملوث شوہر اور دوست کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی

06-11-2026

(ویب ڈیسک) ماڈل کورٹ نے کوٹ لکھپت میں خاتون کے قتل کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے شوہر اور اس کے دوست کو عمر قید کی سزا سنا دی۔

ماڈل کورٹ کے جج ظفراللہ خان  نے مقدمے کی سماعت کے بعد ملزم لیاقت علی اور اس کے دوست یاسین کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید کی سزا کا حکم دیا، عدالت نے دونوں ملزمان پر 2،2 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔ دورانِ سماعت استغاثہ کی جانب سے شبیر احمد خان  نے عدالت میں گواہان اور شواہد پیش کئے، جن کی بنیاد پر عدالت نے ملزمان کو قصوروار قرار دیا۔ استغاثہ کے مطابق ملزمان نے خاتون تنزیلہ کو قتل کیا تھا، جس پر تھانہ کوٹ لکھپت پولیس  نے 2013 میں مقدمہ درج کیا تھا۔ طویل عدالتی کارروائی کے بعد عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے دونوں ملزمان کو عمر قید اور جرمانے کی سزا سنا دی۔