پنجاب: سیاحت، میوزیم اور آثارِ قدیمہ کے شعبے کیلئے 25 ارب 22 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز
06-11-2026
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں میوزیم، آثارِ قدیمہ اور سیاحت کے شعبے کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 25 ارب 22 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دے دی ہے۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق نئے منصوبوں کے لیے 13 ارب 25 کروڑ روپے جبکہ جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے 11 ارب 96 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ اہم منصوبوں میں کوٹلی ستیاں میں ایکو پارک کے قیام کے لیے 35 کروڑ روپے، لاہور میوزیم کے نئے بلاک کی تعمیر کے لیے 75 کروڑ روپے اور ٹورازم کمپلیکس پنجاب کی تعمیر کے لیے 75 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز شامل ہے۔ بجٹ تجاویز کے تحت واہ کینٹ میں مغل گارڈن کے تحفظ اور بحالی کے لیے 5 کروڑ روپے، ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب (ٹی ڈی سی پی) کے لیے 36 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب کے خصوصی انیشی ایٹو کے تحت پتریاٹہ مری چیئرلفٹ کی اپ گریڈیشن اور ٹورسٹ انفارمیشن سینٹر کے قیام کے لیے 34 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ حکومت کے مطابق ان منصوبوں کا مقصد سیاحت کے فروغ، تاریخی و ثقافتی ورثے کے تحفظ اور سیاحوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی ہے۔