فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، جوس تیار کرنے کیلئے موجود ناقص خام مال تلف
06-11-2026
(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے شیخوپورہ روڈ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے 2 لاکھ لٹر جوس کی تیاری کیلئے موجود ناقص اور ایکسپائر خام مال تلف کر دیا۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق 17 کلو میٹر شیخوپورہ روڈ پر کارروائی کے دوران 31 ہزار 800 کلو گرام ناقص اور ایکسپائر پلپ برآمد کیا گیا، جسے استعمال کرکے جوس تیار کرنے کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ سید موسیٰ رضا نے بتایا کہ جوس کی تیاری کیلئے ذخیرہ کیا گیا پلپ خراب ہو چکا تھا اور اس کی رنگت بھی تبدیل پائی گئی، جو انسانی صحت کیلئے نقصان دہ ثابت ہو سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ سیفٹی ٹیموں کی بروقت کارروائی کے باعث مضر صحت جوس کی تیاری اور مارکیٹ میں سپلائی کو روک دیا گیا، جس سے صارفین کی صحت کو ممکنہ خطرات سے بچایا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی غیر معیاری اور مضر صحت خوراک کے تدارک کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور عوام کی صحت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ معیار پر پورا نہ اترنے والی خوراک یا مصنوعات کو کسی صورت مارکیٹ میں فروخت نہیں ہونے دیا جائے گا، جبکہ جعلسازی اور غیر قانونی کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف دن رات کارروائیاں جاری رہیں گی۔