محکمہ موسمیات کا بارش اور ممکنہ سیلاب سے متعلق الرٹ

06-11-2026

(لاہور نیوز) محکمہ موسمیات نے شہر میں بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے آئندہ گھنٹوں کے دوران موسم میں تبدیلی کا امکان ظاہر کیا ہے۔

شہر میں بادلوں اور سورج کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہونے کی توقع ہے۔ موسمیاتی ماہرین کے مطابق شہر میں 13 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی، جس سے گرمی کی شدت میں کسی حد تک کمی محسوس کی جا سکتی ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 51 فیصد رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث حبس کی کیفیت بھی برقرار رہ سکتی ہے۔  دوسری جانب این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جس کے باعث مقامی سطح پر اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے، پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں اور برساتی آبی گزرگاہوں میں طغیانی کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔  ادارے کے مطابق چترال، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام اور مانسہرہ میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، جبکہ آزاد کشمیر کے مظفرآباد، وادی نیلم، باغ اور راولاکوٹ بھی متاثرہ علاقوں میں شامل ہیں، اسی طرح گلگت بلتستان کے گپس یاسین، غذر، دیامر، تانگیر، داریل اور گلگت میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔  این ڈی ایم اے نے نشیبی علاقوں اور ندی نالوں کے قریب رہنے والے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سیاحوں اور مسافروں کو شدید بارشوں کے دوران پہاڑی علاقوں کے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔  دوسری جانب 12 سے 15 جون کے دوران گلگت بلتستان اور ملحقہ کوہستانی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کا بھی الرٹ جاری کیا گیا ہے، این ڈی ایم اے کے مطابق قراقرم ہائی وے اور جگلوٹ سکردو روڈ کے مختلف مقامات پر عارضی بندش اور سفری مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔  محکمہ موسمیات کے مطابق 11 سے 13 جون کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب کے مختلف اضلاع، خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بارش کا امکان ہے  جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ ادھر کراچی آج شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے گا، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں تیز دھوپ کے ساتھ موسم شدید گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 سے 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 30.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔  محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہونے کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جائے گی اور محسوس ہونے والا درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، شہر میں جنوب مغرب سے 22 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے اور موسم کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔