شدید گرمی کے بعد خوشخبری، لاہور میں آج شام بادل برسنے کا امکان
06-11-2026
(لاہور نیوز) شدید گرمی کے بعد خوشخبری، آج سے 13 جون تک لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے حکام کا کہنا ہے کہ لاہور میں آج شام کے اوقات میں بادل برسنے کی توقع ہے، جس سے گرمی کی شدت میں کسی حد تک کمی آسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 26 اور زیادہ سے زیادہ 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جبکہ موجودہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق ہوا کی رفتار 16 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 46 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق نمی میں اضافے کے باعث گرمی کی شدت اور حبس زیادہ محسوس ہو سکتا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔